کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے نومنتخب صوبائی نائب صدرِ اوّل میر ریاض احمد شاہوانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ سیاسی و جمہوری جماعت ہے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے،پارٹی کی مرکزی قیادت نے جس اعتماد کا مجھ پراظہارکیا ہے اس پر پوراترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو انجینئرمیر احمد لانگو،طیب بلوچ،ملک رفیق شاہوانی، ملک سعید شاہوانی اوردیگر کی جانب سے مبارکباد دینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مبارکباددینے والوں نے میر ریاض احمد شاہوانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو بلوچستان بھر میں مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔میر ریا ض شاہوانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے قیام سے لیکر آج تک عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے اورعوام کے حقوق کے لئے پارلیمنٹ سمیت ہرفورم پر آواز بلند کی اور کبھی بھی عوام کے حقوق پرسودا بازی نہیں کی یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے جسے عوام کے دلوں سے نکالنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عام انتخابات کے دوران کارکنوں کی دن رات محنت کی بدولت پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی پارلیمانی جماعت بن کرسامنے آئی اور صوبے میں پیپلزپارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت قائم کی۔انہوں نے کہا کہ مخلوط صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کرنے اورانہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے انہیں ہرصورت پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے بلاول بھٹو زرداری، صدرمملکت آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے پیغام کو گھرگھر پہنچائیں اور پارٹی کی فعالیت میں اپنا کرداراد اکریں۔

