کوئٹہ +اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت منہدم ہونے کے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سیدال خان ناصر نے اس المناک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین اور دیگر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کربناک گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کا دکھ پوری قوم کا دکھ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم بچوں کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے والدین اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے اور حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور انہیں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر، دیکھ بھال اور حفاظتی معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا فنی معائنہ کرنے، تعمیراتی نقائص کی نشاندہی اور حفاظتی ضوابط پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، تاکہ مستقبل میں ایسے المناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

