کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے عالمی یومِ خوراک 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ خوراک کا تحفظ انسانی صحت اور معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے جبکہ ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یومِ خوراک کا موضوع “آج جدت، کل بہتر غذائیت” (Innovate Today – Nourish Tomorrow) جدید ٹیکنالوجی، مؤثر حکمتِ عملی اور سائنسی طریقوں کو اپنانے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوراک کے شعبے میں جدید طریقہ? کار کو فروغ دے کر نہ صرف خوراک کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ عوامی صحت کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند مستقبل کی بنیاد بھی رکھی جا سکتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ، غیر معیاری اشیاء خورونوش کی فروخت اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی عوامی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی خوراک کے معیار کو برقرار رکھنے، ملاوٹ کی روک تھام اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے حکومتی اداروں، فوڈ بزنس آپریٹرز، بین الاقوامی شراکت داروں اور عوام کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک صحت مند اور خوشحال بلوچستان کی تعمیر کے لیے معیاری خوراک کی فراہمی اور عوامی آگاہی کے فروغ کو اہمیت دی جاتی رہے گی۔

