جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان پر عملدرآمد،آئی ٹی، اے آئی،الائیڈ ہیلتھ ایجوکیشن کے فروغ کیلئے ممتاز تعلیمی و ریگولیٹری اداروں سے سٹراٹیجک شراکت داری قائم کرنے کا فیصلہ

تربت (این این آئی)جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2026-2030 پر عملدرآمد کے سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پچھلے دنوں کراچی میں اعلیٰ تعلیمی، تحقیقی اور ریگولیٹری اداروں کے سربراہان سے اہم سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد اس ریجن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس(AI)، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیرامیڈیکل ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کرنا تھا۔ اپنے دورے کے دوران وائس چانسلر نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PNMC) کے صدر ڈاکٹر سید علی فرحان رضی سے ملاقات کی، جس میں اس ریجن میں جامعہ تربت کے زیر انتظام یونیورسٹی میڈیکل اینڈ نرسنگ کالج کے قیام کے لیے ریگولیٹری فریم ورک اور قانونی قواعد و ضوابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ خطے سمیت ملک بھر میں طبی و الائیڈ ہیلتھ کے شعبے سے وابستہ ماہرین و ٹیکنیشنز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اس ریجن میں ایک معیاری اور مستند نرسنگ اینڈ الائیڈ ھیلتھ کالج کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ صدر پی این ایم سی نے جامعہ تربت کے اس وڑن کو سراہتے ہوئے ایکریڈیٹیشن، نصاب کی تیاری اور کلینیکل ٹریننگ سمیت تمام متعلقہ امور میں کونسل کی جانب سے مکمل تعاون اور فنی رہنمائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں وائس چانسلر نے ملینیئم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ (MiTE) اور جامعہ کراچی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ممتاز ماہرین تعلیم اور ایچ ای سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں MiTE کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، تھل یونیورسٹی بھکر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈائریکٹر جنرل کیو اے اے (ایچ ای سی) ڈاکٹر ناصر شاہ، ڈی جی ایچ ای سی ریجنل سینٹر کراچی سلیمان احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ثناء اللہ میمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر امتیاز شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران تدریسی و تحقیقی تعاون کو وسعت دینے، اساتذہ و طلباء کے سمسٹر ایکسچینج پروگرامز، طلباء کے لیے انٹرن شپ کے مواقع، مشترکہ تحقیقی مقالہ جات کی اشاعت، قومی و بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد اور فیکلٹی و انتظامی عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ورکشاپس کے انعقاد پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر MiTE کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی نے جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کو ادارے کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی، جس پر وائس چانسلر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں