کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی خواتین ہنرمندوں کی قومی و بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے مواقع بڑھانے، صوبے کی روایتی دستکاریوں کو فروغ دینے اور ملک بھر کے قومی عجائب گھروں میں بلوچستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے لیے مستقل نمائشی گوشے مختص کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین صدیوں پر محیط ثقافتی روایات اور منفرد ہنرمندی کی امین ہیں۔ بلوچی کشیدہ کاری، روایتی ملبوسات، قالین بافی اور دیگر دستکاریوں میں ان کی مہارت صوبے کی تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہے، جسے قومی اور عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین ہنرمندوں کو ملکی و بین الاقوامی ثقافتی نمائشوں میں شرکت کے منظم مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو پذیرائی ملے گی بلکہ ان کے لیے معاشی خودمختاری اور روزگار کے نئے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے قومی عجائب گھروں میں بلوچستان کے ثقافتی ورثے کے مستقل نمائشی گوشوں کے قیام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تاریخی شناخت، روایتی فنون اور ثقافتی تنوع کو قومی سطح پر مستقل نمائندگی ملنی چاہیے تاکہ نئی نسل اور ملکی و غیر ملکی سیاح صوبے کے تہذیبی سرمائے سے بہتر طور پر آگاہ ہوسکیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ خواتین کی معاشی ترقی اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ بلوچستان کی ہنرمند خواتین کو قومی ثقافتی سرگرمیوں کا مستقل حصہ بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر ادارہ جاتی تعاون اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ملاقات میں بلوچستان کی خواتین ہنرمندوں کے لیے نمائشی مواقع میں اضافے اور صوبے کے ثقافتی ورثے کو قومی عجائب گھروں میں مستقل جگہ دینے سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

