پشاور واقعے افسوسناک،گورنر راج پی ٹی آئی حکومت کو جواب دہی سے بری نہیں کرتا، نوابزادہ امیر حمزہ زہری

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں معصوم طلباء کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم بچے روشن مستقبل کے خواب لے کر اسکول گئے تھے، لیکن اس افسوسناک سانحے نے ان کے خاندانوں کو ناقابلِ بیان غم سے دوچار کردیا۔ بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش واقعہ ہے، جس پر ہر دل رنجیدہ ہے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے کہا کہ گورنر راج پی ٹی آئی حکومت کو جواب دہی سے بری نہیں کرتا، بلکہ اس دورِ حکومت میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معائنے اور بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کو جواب دہ بنایا جائے انہوں نے کہا کہ پشاور کو محض تعزیتی بیانات نہیں بلکہ حقائق سامنے لانے، شفاف تحقیقات اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حالت، حفاظتی انتظامات اور ضروری مرمت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جاسکے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق طلباء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمی طلباء کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں