واشنگٹن(این این آئی)بھارت کے یوم آزادی پر بڑی تعداد میں سکھوں نے واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے آگے شدید احتجاج کیا اور سفارتخانے کی عمارت کو گھیر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خالصتان کے پرچم اٹھائے سکھوں نے ”بھارت مردہ باد اور قاتل قاتل مودی قاتل کے نعرے لگائے اور بھارتی جھنڈے کے ٹکڑے کر کے سفارتخانے کے سامنے پھینک دئیے۔خوفزدہ بھارتی سفارتی عملے نے پولیس بلائی جو موقع پر کئی گھنٹے موجود رہی۔مظاہرین نے سفارتخانے کے باہرکئی گھنٹوں تک دھرنا دیا اوربھارتی حکومت کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔اس موقع پر خالصتان کونسل کے سربراہ ڈاکٹرگْربخش سنگھ سندھو نے کہا کہ سترہ اگست بروز اتوار واشنگٹن میں خالصتان ریفرنڈم ہوگا، ریفرنڈم میں ووٹ ڈالنے کیلئے ہزاروں سکھ پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارتی پنجاب کو آزاد کرا کر خالصتان بنائیں گے۔بھارتی سفارتخانے کے آگے سکھوں کا مظاہرہ خالصتان تحریک کے بین الاقوامی سطح پرجاری اثرات کا ایک اورمظہرسمجھا جا رہا ہے جو بھارت کیلئے سفارتی محاذ پرایک چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ خالصتان ریفرنڈم امریکا میں قائم سکھ برادری کی تنظیم سکھ فار جسٹس کے زیر اہتمام ہوگا۔ بھارتی حکومت نے سکھ فار جسٹس کو دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔ برطانیہ، کینیڈا وغیرہ میں اب تک خالصتان ریفرنڈم کے کئی راؤنڈ ہو چکے ہیں جن میں لاکھوں سکھ مرد و خواتین نے بھارت سے علیحدہ آزاد وطن کے حق میں ووٹ ڈالے ہیں۔ مودی حکومت خالصتان ریفرنڈم سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور انہیں روکنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے لیکن اسے مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔

