بیجنگ (این این آئی) پاکستان کی ”مائی ای-کار پرائیویٹ لمیٹڈ“اور چین کے گلوبل ڈیجیٹل ٹریڈ ٹرانزیکشن سینٹر (جی ڈی ٹی ٹی سی) کے درمیان زراعت اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے بیجنگ میں ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔گوادر پرو کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور چین کے درمیان برقی گاڑیوں، زراعت، اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہے۔ معاہدے کے تحت بیجنگ میں واقع جی ڈی ٹی ٹی سی کیلئے”پاکستان نیشنل پویلین اور اسلام آباد میں“ایشیا ٹریڈ پویلین قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے تاکہ پاکستانی اور چینی مصنوعات کو ایک دوسرے کی منڈیوں میں متعارف کرایا جا سکے۔وادر پرو کے مطابق قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ شراکت داری گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دے گی، جس کا مقصد پائیدار زرعی طریقوں اور ماحول دوست حل کو فروغ دینا ہے۔مائی ای-کار کے سی ای او خالد محمود نے مرکز کے دورے کے دوران اس تعاون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جدت پر مبنی تبادلوں اور باہمی مفاد پر مبنی نتائج کے لیے راہ ہموار کرے گا جو پاکستان میں معاشی ترقی اور پائیداری کو فروغ دیں گے۔

