پشین(این این آئی)ضلع پشین میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور گزشتہ شب لاپتہ نوید ترین کے اغوا کے واقعے کے خلاف مرکزی انجمن تاجران پشین کے صدر ملک بہادر خان ملیزئی، ملیزئی اولسی کمیٹی کوئٹہ پشین ٹو ڈی ایسوسی ایشن.اہلیان پشین اور نویدخان ترین کے لواحقین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ریاستی رٹ مکمل طور پر کمزور ہو چکی ہے۔ عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مبینہ طور پر مکمل ناکام ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ نوید ترین کا اغوا نہ صرف ایک سنگین مجرمانہ واقعہ ہے بلکہ یہ علاقے کے امن کے خلاف ایک خطرناک سازش بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، مغوی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے، اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر نوید ترین کی بازیابی عمل میں نہ آئی گئی تو تاجر برادری اور قبائلی عمائدین اوراہلیان پشین سخت احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے پریس کانفرنس کے اختتام پر تمام تنظیموں نے اتفاق کیا کہ پشین میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی، اور ریاستی اداروں کو اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے پر مجبور کیا جائے گا۔

