ماں،بچے کی بہترین صحت کیلئے بچے کی پیدائش میں 2سال کا وقفہ لازمی ہونا چاہئے،ظفر علی بلیدی

کوئٹہ(این این آئی)سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر ظفر علی بلیدی نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی بہترین صحت کیلئے بچے کی پیدائش میں 2سال کا وقفہ لازمی ہونا چاہئے جس کیلئے مختلف طریقہ کار اپنائے جاسکتے ہیں، محکمہ پاپولیشن بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے بلوچستان کے تمام اضلاع میں فیملی پلاننگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے علماء کرام سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردارا دا کرناہوگا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو محکمہ پاپولیشن ویلفیئراور یواین ایف پی اے کے زیراہتمام مائع حمل ادویات کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے ڈائریکٹر پی ایم سی ڈی عبدالستار شاہوانی، ایف پی اے پی کے ریجنل ڈائریکٹرمشتاق مینگل،آر ٹی آئی کی سینئر کوراڈی نیٹرڈاکٹر ہماسحر، ڈاکٹر ثمینہ،مفتی احسان اللہ،ڈائریکٹرایڈمن پاپولیشن جمعہ خان کاکڑ،پی پی ایچ آئی کے پروجیکٹ کوارڈی نیٹر ہارون کاسی،حبیبہ جمعہ نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں بھی انسانی صحت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے قرآن و حدیث کی روشنی میں ماں اور بچے کی صحت کا خیا ل رکھنا نہ صرف ایک فطری ذمہ داری ہے بلکہ ایک مذہبی فریضہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے حاملہ خواتین کے آرام،خوراک اور جسمانی صحت کا خاص خیالرکھنے کا حکم دیا ہے تاکہ وہ ایک صحت مند نسل کو جنم دے سکے۔انہوں نے کہا کہ بچے کی صحت کا تعلق براہ راست ماں کی صحت سے ہے ایک صحت مند ماں ہی ایک صحت مند بچے کو جنم دے سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں کو چاہئے کہ وہ اپنے بچے کو 2سال تک اپنا دودھ پلائے اور اس دوران اسے دوباہ حاملہ نہیں ہوناچاہئے کیونکہ اگربچے کو دودھ پلانے کے دورانیہ میں ماں دوبارہ حاملہ ہوتی ہے تو ماں جو غذالیتی ہے وہ تقسیم ہوجاتی ہے جس سے ماں کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ ماں اور بچے کی پیدائش کے دوران ماؤں کی شرح اموات بہت زیادہ ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔۔انہوں نے کہا کہ فیملی پلاننگ کے لئے بہت سے طریقے موجود ہیں جن سے شادی شدہ جوڑوں کو مستفید کرنے کیلئے محکمہ پاپولیشن،محکمہ صحت اوردیگر اداروں کو ملکر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے خواتین اپنے شوہروں سے چھپ کر آتی تھیں اور فیملی پلاننگ کے لئے ٹیکے لگواتیں تھیں اب شادی شدہ خواتین اپنے شوہروں کے ہمراہ آکر فیملی پلاننگ کے بارے میں آگاہی حاصل کرتی ہیں جو ایک احسن اقدام ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں