پشین (این این آئی) ڈپٹی کمشنر پشین منصور احمد قاضی نے کہا ہے کہ پولیو جیسے مہلک وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے اجتماعی اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔ سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اس مرض سے چھٹکارے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جو 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی مہم کے سلسلے میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سید گل زمان شاہ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد داؤد کاکڑ، ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبداللہ، ڈسٹرکٹ کمیونیکیشن آفیسر محمد منور سمیت محکمہ صحت اور دیگر شراکتی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جس کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ انتالیس ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی ذمہ داری ہے، جس میں کوتاہی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا مؤثر طریقہ کار اپنایا جائے جس سے کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی مہمات میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے پر خاص توجہ دی جائے، جبکہ پولیس، لیویز اور دیگر ادارے پولیو ٹیموں کی مؤثر نگرانی اور حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ عملہ بلا رکاوٹ اپنے فرائض انجام دے سکے۔

