ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے ہونہار پلس سکالرشپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے ، جس کے تحت صوبے کے ذہین اور قابل طلبہ کو دنیا کی 200 بہترین یونیورسٹیوں اور آئی وی لیگ اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق منتخب طلبہ کو 100 فیصد مکمل سکالرشپ دی جائے گی جس میں ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، ہیلتھ انشورنس اور سالانہ ایئر ٹکٹ شامل ہوں گے ۔ ایک طالب علم پر اوسطاً 1 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ ہوں گے جبکہ یہ سہولت 800 طلبہ کو 4سال کے لئے فراہم کی جائے گی۔ پروگرام میں ایم ایس، ماسٹرز، ایم فل، ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرام شامل ہیں اور مجموعی طور پر اس منصوبے پر 13ارب روپے لاگت آئے گی۔ سکالرشپ کے لئے امیدوار کا پنجاب ڈومیسائل ہونا، کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل کرنا اور CGPA کم از کم 3.50 ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ، تاہم عمر کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔حکام کے مطابق یہ منصوبہ باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کا ذریعہ ہے تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔

