لاہور (این این آئی)اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب میں انٹرن شپ مکمل کرنے والی 17طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں کمشنر اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب ثمن رائے نے خصوصی طور پر شرکت کی اور انٹرنز کی کارکردگی کو سراہا۔یہ طالبات گورنر ہاو س میں قائم ٹیوٹا کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (VTI) کی جانب سے او پی سی میں انٹرن شپ کے لیے بھیجی گئی تھیں۔ یہ پروگرام مجموعی طور پر 8 ماہ پر مشتمل ہوتا ہے، جس میں سے 2 ماہ کی انٹرن شپ اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب میں کروائی جاتی ہے تاکہ طالبات کو عملی تجربہ اور ادارہ جاتی ماحول سے روشناس کرایا جا سکے۔محترمہ ثمن رائے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او پی سی میں انٹرن شپ مکمل کرنے والی طالبات نے جس محنت، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔ یہ باصلاحیت بچیاں ہمارا قیمتی سرمایہ اور ملک کا روشن مستقبل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف بچیوں کو پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں ورک پلیس ڈسپلن، سروس ڈلیوری اور ادارہ جاتی نظام کے عملی تقاضوں کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔کمشنر او پی سی نے اس موقع پر ادارے کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والی بچیوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ مستقبل میں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔تقریب کے اختتام پر محترمہ ثمن رائے نے تمام 17 طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے اور انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔

