بلوچستان اسمبلی میں اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو شہید رکھنے کی قرار داد کی منظوری کاخیرمقدم

پشاور(این این آئی)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلوچستان اسمبلی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو شہید انٹرنیشنل ائیرپورٹ رکھنے کی قرار داد کی منظوری کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس اہم قرارداد کی منظوری پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور اراکین بلوچستان اسمبلی کا شکرگزار ہوں۔گورنر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اراکین بلوچستان اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ سندھ اسمبلی کے بعد بلوچستان اسمبلی کی جانب سے متفقہ قرارداد کی منظوری قومی آواز ہے،2008 میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو شہید انٹرنیشنل ائیرپورٹ رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔گورنرنے کہاکہ اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے فیصلہ کو بعد میں تبدیل کر کے زیادتی کی گئی، اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام شہید بینظیر بھٹو ائیرپورٹ رکھنے کیلئے صدر اوروزیر اعظم کو اپنی جانب سے بھی خط لکھ چکا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں