اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم سٹارٹ اپس کلاؤڈ این ایبلمنٹ پروگرام، پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اور برج سٹارٹ پاکستان کا آغاز سٹارٹ اپس کو بااختیار بنانے، عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک مضبوط مسابقتی قوت کے طور پر پیش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے اپنے ذیلی ادارے، اگنائٹ، نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ، کے ذریعے دو اہم قومی اقدامات کا باضابطہ آغاز کیا،ان میں وزیراعظم سٹارٹ اپس کلاؤڈ این ایبلمنٹ پروگرام، پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اور برج سٹارٹ پاکستان چیک ڈسٹری بیوشن شامل ہیں۔یہ تقریب پاکستان میں نالج بیسڈ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور قومی انوویشن ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی جانب حکومت کے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے بطور مہمانِ خصوصی کی۔ اس موقع پر سی ای او اگنائٹ رفیق احمد بْریرو، فاؤنڈرز، سٹارٹ اپس، سی ای اوز، صدور، شراکت داران، نائب صدور، ڈائریکٹرز، جنرل منیجرز سمیت نجی شعبے اور سٹارٹ اپ انڈسٹری کے دیگر معزز نمائندگان، وزارتِ آئی ٹی کے حکام اور معزز مہمانان بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے اپنے خطاب میں وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت حکومت کے مضبوط عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات انویشن کو تیز رفتار بنانے، نوجوان انٹر پرینیورز کو بااختیار کرنے اور پاکستان کو عالمی ٹیکنالوجی منظرنامہ میں ایک نمایاں مقام دلانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام نے کہا کہ وزیر اعظم سٹارٹ اپس کلاؤڈ این ایبلمنٹ پروگرام، پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اور برج سٹارٹ پاکستان کا آغاز ہمارے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم سٹارٹ اپس کو بااختیار بنائیں، عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دیں اور پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک مضبوط مسابقتی قوت کے طور پر پیش کریں۔ اس موقع پر سی ای او اگنائٹ رفیق احمد بْریرو نے کہا کہ اگنائٹ وزارتِ آئی ٹی کے تحت ان تبدیلی لانے والے پروگرامز کو عملی جامہ پہنانے پر فخر محسوس کرتا ہے، کلاؤڈ این ایبلمنٹ پروگرام، پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اور برج سٹارٹ پاکستان ہمارے سٹارٹ اپس کو تین بنیادی ستون فراہم کرتے ہیں جن عالمی معیار کی ٹیکنالوجی تک رسائی، مالی معاونت اور بین الاقوامی مارکیٹس میں جگہ بنانے کا موقع شامل ہیں، یہ اقدامات ایک پائیدار انویشن ایکو سسٹم کی بنیاد رکھتے ہیں۔وزیراعظم سٹارٹ اپس کلاؤڈ این ایبلمنٹ پروگرام کا مقصد سٹارٹ اپس کو مائیکرو سافٹ آذورے، گوگل کلاؤڈ، اے ڈبلیو ایس اور ہواوے کلاؤڈ جیسے عالمی کلاؤڈ فراہم کنندگان کے ذریعے عالمی معیار کی کلاؤڈ انفراسٹرکچر تک رسائی دینا ہے۔ یہ پروگرام اہلیت رکھنے والے سٹارٹ اپس کو کلاؤڈ کریڈٹس کی ری ایمبرسمنٹ فراہم کرتا ہے جس سے انہیں جدید ٹیکنالوجیز جیسے اے آئی، فن ٹیک، ہیلتھ ٹیک اور ای-کامرس میں تیزی سے انوویشن اور ترقی کی سہولت ملتی ہے۔ پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ سرمایہ کاری کے راؤنڈ میں 30 فیصد تک ایکویٹی فری گرانٹس فراہم کرتا ہے جس کے نتیجے میں نجی سرمایہ کاری کے خطرات کم ہوتے ہیں اور ملک میں وینچر کیپٹل کی آمد میں اضافہ ہوتا ہے،برج سٹارٹ پاکستان پروگرام سٹارٹ اپس کو بین الاقوامی ایکسیلیریٹرز اور سرمایہ کاروں سے جوڑتا ہے اور انہیں عالمی مارکیٹس تک رسائی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ تقریب کے دوران برج سٹارٹ پاکستان سے کامیابی کے ساتھ گریجویٹ ہونے والے سٹارٹ اپس کو چیک اور اسناد پیش کی گئیں جن میں موٹویسٹ، پیمو، چاجاؤ ٹیک، ان لائٹس سلوشنز، ساحل، تھنگسٹی، کاشمیتا، ایڈورسٹی، کری ایٹو تھری ڈی اور وائزر مشینز شامل تھے۔ ان سٹارٹ اپس نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور اہم سرمایہ کار روابط قائم کئے۔آخر میں ان اقدامات کا آغاز وزارت کے اس عزم کی واضح عکاسی ہے کہ پالیسی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط اور مستحکم بنایا جائے۔ یہ تینوں پروگرام، وزیراعظم سٹارٹ اپس کلاؤڈاین ایبلمنٹ پروگرام، پاکستان سٹارٹ اپ فنڈ اور برج سٹارٹ پاکستان،مشترکہ طور پر نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت سے جوڑنے اور ڈیجیٹل پاکستان کی بنیاد مستحکم کرنے کے لئے ایک قومی فریم ورک تشکیل دیتے ہیں۔

