کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے عالمی یوم ماحولیات کے دن کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحت مند، محفوظ اور صاف ستھرا ماحول نہ صرف ہماری زندگی کی بنیادی ضرورت ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پائیدار ماحولیاتی نظام کی تشکیل میں حکومت، اداروں اور عوام سب کی اجتماعی ذمے داری ہے۔ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آب و ہوا میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیاں، جنگلات کی کٹائی، آلودگی اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز ہماری توجہ اور فوری اقدامات کے متقاضی ہیں۔ درخت لگانا ہم سب کی اجتماعی زمہ داری بنتی ہے سبزینہ اور درختوں سے ہمارے ما حول پر خوشگواری اثرات مرتب ہوتے ہیں یہ فضا میں صحت افزاء گیسوں کو فراہم کرتے ہیں اور زہریلے گیسوں کو جزب کرتے ہیں اس لیے درختوں کو کا ئنات کے پھیپھڑے بھی کہتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے درخت لگانے، پانی کے تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے جیسے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ماحول کے تحفظ کے لیے ٹھوس پالیسیاں مرتب کر رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور عوام میں شعور بیدار پیدا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ شہری اپنے گھروں، محلوں، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کریں تاکہ ہم سب مل کر ایک سرسبز، محفوظ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکیں۔
