لاہور(این این آئی)چین کی جانب سے پاکستان کوبیجوں کی صنعت کی ترقی کے لئے پیداوار اور پراسیسنگ ٹیکنالوجی میں تعاون پیش کیا گیا ہے۔ چین کی یونیورسٹی ہواژونگ زرعی یونیورسٹی اور ووہان چنگفا،ہیشینگ سیڈ کمپنی لمیٹڈ کے اشتراک سے تربیتی کورس منعقد کیا گیا جس میں 54 پاکستانیوں نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ شفقت عباس نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ چین میں منعقد ہونے والا یہ تربیتی پروگرام بے حد اہمیت کا حامل ہے،بیجوں کی صنعت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امید ہے کہ یہ عملی اور تکنیکی تربیت بیج کے شعبے میں افرادی قوت کی استعداد کار بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی۔تربیتی کورس میں پاکستانی شرکاء کو آن سائٹ ٹیچنگ، فیلڈ پریکٹس اور دیگر عملی طریقہ کار کے ذریعے بیج کی پیداوار، پراسیسنگ، زرعی تحقیق اور ترقی کے جدید رحجانات سے تربیت دی جائے گی۔اب تک وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے تحت چین میں 1,000 زرعی صلاحیتوں کے پروگرام کے ذریعے تقریباً 700 پاکستانی گریجویٹس چین بھیجے جا چکے ہیں۔

