نیو کراچی خمیسو گوٹھ میں پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن، چھ گرفتار


کراچی:

شہر قائد میں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے خمیسو گوٹھ میں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے جہاں سے وہ پولیس پر مسلسل فائرنگ کر رہے تھے۔

پولیس نے حفاظتی حکمت عملی کے تحت گھر کو گھیرے میں لے کر آپریشن جاری رکھا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے کامیابی سے چھ منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے چار ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں دو مختلف مبینہ پولیس مقابلے، 3 زخمیوں سمیت 4 ملزمان گرفتار

ذیشان صدیقی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات اور جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے، جنہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل نے واضح کیا کہ منشیات فروشی اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں