یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی استعدادکار بڑھا رہے ہیں‘خواجہ سلمان رفیق

لاہور (این این آئی)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کا 15 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔رجسٹرار یونیورسٹی نے سینڈیکیٹ ایجنڈا کے مندرجات پیش کئے۔اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی عشرت اشرف، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر ساجد مقبول، پروفیسر مسعود اطہر، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ایڈیشنل سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن سدرہ سلیم، پرو وائس چانسلر پروفیسر جنید رشید، ایم ڈی پروفیسر ٹیپو سلطان، اسلامک ایڈ سے محمود الحسن، پرنسپل کالج آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز، پرنسپل کالج آف نرسنگ، محکمہ فنانس، محکمہ قانون و دیگر سینڈیکیٹ ممبران نے بھی شرکت کی۔وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای سی زاہدہ اظہر، سیف اللہ سنبل و دیگر ممبران نے سینڈیکیٹ اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے 14 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے تمام فیصلوں کی توثیق کی۔اس موقع پر 14 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں کی عملدرآمد رپورٹ بھی پیش کی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی مین بلڈنگ کی تعمیر بارے آئی ڈیپ کے افسران سے جاری پیش رفت پر بریفنگ لی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے 14 ویں اجلاس کے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے 18 اور 19 ویں اجلاس کے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں یونیورسٹی کو یورپین کرسٹل فیبروسز سوسائٹی پیشنٹ رجسٹری کے ساتھ کولیبریشن کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران تین پوسٹوں پر تعیناتی میں توسیع کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کو کالج آف نرسنگ میں ایم ایس نرسنگ کی داخلہ پالیسی کو ریوائز کرنے کی اجازت دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں بی ایس نرسنگ کے کری کولم کی منظوری کے علاوہ انڈر گریجویٹ پروگرامز کیلئے ریوائزڈ سمسٹر سسٹم ریگولیشنز کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی استعدادکار بڑھا رہی ہے۔آئی ڈیپ کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کی مین بلڈنگ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پیڈریاٹک نرسز بنانے والی پاکستان کی پہلی طبی درسگاہ ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کے معاملات کے حل کیلئے یکساں پالیسی لا رہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں کے معاملات کے حل کیلئے طبی درسگاہوں کے سینڈیکیٹ اجلاس متواتر کروانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ عوام کے ٹیکسوں سے بنائے گئے سرکاری ہسپتالوں کو صحت کی بہترین علاج گاہیں بنانا ہمارا عزم ہے۔پنجاب کی تمام طبی درسگاہوں کو معیاری ریسرچ پروان چڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں