عید الاضحی کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے،چو ہد ری نعیم کر یم

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے عید الاضحی کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا حقیقی پیغام ہے،ہمیں چاہئے کہ عید کی دعاوں میں اپنے فلسطینی،کشمیریوں بہن بھائیوں اور پاک فوج اوردیگرسیکورٹی کے شہداء کو خصوصی طور پر یاد رکھیں۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہاکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی۔ عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ دْنیا بھر کے مظلوم عوام خصوصاً کشمیر اور فلسطین کے ساتھ اظہار یک جہتی اور ایثار کو یاد رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم عید کے موقع پر فلسطینی،کشمیری بہن بھائیوں اورانکی آزادی، پاک فوج سمیت دیگر سیکورٹی اداروں کے شہداء اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں