کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلع کوئٹہ میں نان فنکشنل اسکولوں کو دوبارہ فعال بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریوینیو)،کوئٹہ حافظ محمد طارق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے نان فنکشنل اسکولوں کی مجموعی اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انہیں مرحلہ وار فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نان فنکشنل اسکولوں میں درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری حل یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جا سکیں۔اجلاس میں اسکولوں کو مکمل طور پر فنکشنل کرنے کے لیے اساتذہ کی تعیناتی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مالی امور سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون کو فروغ دیکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ضلع بھر میں نان فنکشنل اسکولوں کو جلد از جلد فعال بنا کر طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

