اوتھل: وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم، تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ

لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی ایک روزہ سرکاری دورے پر لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل پہنچ گئے۔ دورے کے دوران انہوں نے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کا دورہ کیا جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین کے ہمراہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا کہ وزیرِاعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم وفاقی حکومت کا ایک اہم اور تعلیم دوست اقدام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور تعلیمی میدان میں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے ذریعے طلبہ جدید تقاضوں کے مطابق معیاری علم اور تحقیق تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جس سے ان کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید تعلیم انسان کی زندگی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول سے ہی ہم اپنے ضلع، صوبے اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ ترقی و خوشحالی کی راہ تعلیم ہی سے ہموار ہوتی ہے اور وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بناتی ہیں۔بعد ازاں پارلیمانی سیکریٹری نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے سرکٹ ہاؤس اوتھل میں عوام سے ملاقاتیں کیں جہاں مختلف وفود نے ان سے ملاقات کر کے درپیش مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔ نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے وفود کے مسائل بغور سنے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کی عوام سے ان کا دیرینہ تعلق ہے اور وہ انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی لسبیلہ کی عوام سے دلی محبت رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں لسبیلہ کے عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔سرکٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل لسبیلہ چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق، شیخ سید عبدالحفیظ شاہ کاظمی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، پیر اسد شاہ بخاری، سردار رسول بخش برہ، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وسیم احمد خاصخیلی، امام بخش خاصخیلی، پی ایس اعجاز وڈیرہ، وڈیرہ اللہ رکھیہ جاموٹ، ڈاکٹر موسیٰ جاموٹ، وڈیرہ امان اللہ جاموٹ، شریف خاصخیلی، وڈیرہ شفیع محمد آنگاریہ، پیر غلام نبی شاہ جیلانی، خلیفہ نبی بخش برہ، اولہ خان پٹھان، عبدالجمیل دودا سمیت دیگر معززین اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔علاوہ ازیں پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ زرین خان مگسی نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول اوتھل کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے یونیسیف کے تعاون سے طالبات میں اسکول بیگز تقسیم کیے۔ اس موقع پر طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بچیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت اور بین الاقوامی ادارے مل کر بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی سہولیات کی بہتری اور معیارِ تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں