میڈیا ٹیم نے نظم و ضبط، بروقت کوریج اور ادارہ جاتی وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا، میر زرین خان مگسی

اوتھل (این این آئی)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (لوامز) کے میڈیا والنٹیئرز نے یونیورسٹی کے پانچویں کانوکیشن سمیت مختلف اہم سرکاری و تعلیمی تقریبات میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی مؤثر ادائیگی اور معیاری میڈیا کوریج کے ذریعے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان خدمات کے اعتراف میں پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت بلوچستان میر زرین خان مگسی اور وائس چانسلر لوامز پروفیسر ڈاکٹر عبد المالک ترین نے میڈیا والنٹیئرز ٹیم کو باضابطہ طور پر خراج تحسین پیش کیا۔یہ اظہارِ تحسین پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کے موقع پر سامنے آیا، جہاں پارلیمانی سیکرٹری اور وائس چانسلر نے میڈیا والنٹیئرز سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے ساتھ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر میڈیا والنٹیئرز میں شاہ فیصل، عبدالحفیظ غالب، ساجد اور مسکان قادر موجود تھے، جبکہ ٹیم کی پیشہ ورانہ رہنمائی کرنے والی فوکل پرسن ڈاکٹر روبینہ اور ڈاکٹر ولی اللہ مسرور بھی ہمراہ تھے۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میڈیا والنٹیئرز ٹیم نے خاص طور پر عبدالحفیظ غالب کی متحرک فیلڈ رپورٹنگ اور ڈاکٹر روبینہ کی مؤثر نگرانی و رہنمائی میں یونیورسٹی کے تعلیمی، انتظامی اور قومی سطح کے پروگراموں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ٹیم نے نظم و ضبط، بروقت کوریج اور ادارہ جاتی وقار کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کانوکیشن سمیت مختلف تقریبات کی جامع اور مثبت میڈیا کوریج نے لوامز کی تعلیمی کارکردگی اور ساکھ کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جو ٹیم کی اجتماعی محنت، عبدالحفیظ غالب کی عملی کاوشوں اور ڈاکٹر روبینہ کی قائدانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے میڈیا والنٹیئرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عبدالحفیظ غالب اور ڈاکٹر روبینہ کی رہنمائی میں یہ نوجوان آئندہ بھی اسی پیشہ ورانہ معیار اور ذمہ داری کے ساتھ یونیورسٹی سرگرمیوں کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں