طلبہ ہمارا مستقبل ہیں، وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوگی، خواجہ آصف

سیالکوٹ(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نوجوانوں کی ترقی کیلئے بھرپور کام کر رہے ہیں، وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔وہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ہونہار طلبہ میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر، صدر سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر،وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ شازیہ بشیر، جامعہ کے فیکلٹی ممبران، طالبات اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج میں اس باوقار تقریب میں شرکت کررہا ہوں،وزیراعظم محمد شہباز شریف نوجوانوں کی ترقی کیلئے بھرپور کام کر رہے ہیں، وزیراعظم لیپ ٹاپ پروگرام نے نوجوانوں کو بااختیار بنایا ہے، لیپ ٹاپ پروگرام کے نتائج آہستہ آہستہ سامنے آ رہے ہیں اور نوجوان لیپ ٹاپ کی مدد سے دنیا کے ہر کونے تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ملک میں آئی ٹی کے میدان میں اپنا حصہ ڈالیں تو پاکستان کی معیشت میں ایک انقلاب آجائے گا۔انہوں نے اس موقع پر کاروباری شخصیت خواجہ مسعود کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی فیکٹری میں 2 ہزار بچیاں کام کررہی ہیں جو اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہی ہیں اور اپنا باعزت روزگار کما رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جب پہلی دفعہ میاں شہباز شریف کے ہمراہ یونیورسٹی میں آیا تو علامہ اقبال کالج کے گراؤنڈ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا اور پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا، کچھ عرصہ کے بعد اس کے مثبت نتائج سامنے آنے شروع ہوئے تو اس اسکیم پر حکومت کی توجہ بڑھتی چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے شہر سیالکوٹ میں بہت سارے بچے کمپیوٹر پر بیٹھ کر دنیا کو اپروچ کرتے ہیں،وہاں سے آرڈر لیتے ہیں، سیالکوٹ میں مختلف فیکٹریوں سے سامان لے کر ایکسپورٹ کرتے ہیں، نوجوان دور دراز کے گاؤں میں بیٹھ کر بھی اپنا کام کررہے ہیں،ایک ایک گاؤں سے تین سے چار سو نوجوان ایکسپورٹ کررہے ہیں اور مہینے کا 10 سے15 ہزار ڈالر کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابتدا ہے،یہ نوجوان آگے بڑھیں گے اور مستقبل میں بڑے برآمدکنندگان بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے نہ صرف ہمارے نوجوان ترقی کریں گے بلکہ ہماری انڈسٹری بھی ترقی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس پروگرام سے نوجوانوں کو اپنا کاروبار کرنے کی صلاحیت مہیا کررہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا یہ اقدام نہ صرف سیالکوٹ بلکہ دوسرے شہروں میں بھی جاری و ساری ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں لیپ ٹاپ اسکیم کے چوتھے پروگرام میں شرکت کررہا ہوں اور جب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف یونیورسٹی تشریف لائیں تو بھی میں یہاں حاضر ہوا تھا اور یہ میرے لیے ایک اعزاز ہے کہ میں اپنے شہر میں اس اسکیم کے تحت چار دفعہ آچکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج جو طالبات اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں گی ان کیلئے میری دعا ہے کہ ان کی زندگی میں اللہ صلاحیتیں بخشے اورکامیابی عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بچیوں کو پاکستان کی اکانومی کی ترقی کیلئے سو فیصد کامیابی سے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم خواتین کو معاشی آزادی حاصل کرنے کا ایک موقع فراہم کررہی ہے اور یہ سکیم خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوگی، طالبات کو آج کے دور میں کاروبار کی آزادی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ ترقی کرسکیں اور آنے والی نسلوں کو بھی ترقی کی راہ پر ڈال سکیں۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک یاد کیا جائے گا کہ اس اسکیم کی وجہ سے پاکستانی قوم کے بچے اور بچیاں آئی ٹی کے میدان میں کامیاب ہوئے اور پاکستانی قوم نے کامیابیوں کو چھوا۔انہوں نے تقریب کے شرکا کاشکریہ ادا کیا۔اس موقع پر جامعہ کی 506 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں