اوتھل (این این آئی) سیکرٹری پارلیمانی امور برائے سیاحت و ثقافت بلوچستان نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا کہ تعلیم معاشرے, علاقے اور ملک کی ترقی کی بنیاد ہے اور تعلیم ہی کے ذریعے نوجوان مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں نوجوانوں کا معاشرتی تبدیلی میں اہم کردار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ریزیڈینشل کالج (BRC) اوتھل میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔کالج میں انہوں نے غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوئز و مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے انگلش و اردو تقاریر، نعتِ رسول ؐ، کرکٹ اور فٹبال کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کی۔ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری پارلیمانی امور برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کالج میں جام محمد یوسف ہاسٹل کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا کہ بی آر سی کالج اوتھل کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کر کے انہیں آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم معاشرے، علاقے اور ملک کی ترقی کی بنیاد ہے اور تعلیم ہی کے ذریعے نوجوان مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ نوجوانوں کا معاشرتی تبدیلی میں اہم کردار ہے اور محنت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں اور تربیت بھی نہایت ضروری ہے۔ صرف ڈگری کافی نہیں بلکہ وقت کی پابندی، بڑوں کا احترام اور مطالعہ کی عادت کامیابی کی کنجی ہیں۔ کتابیں انسان کی شخصیت نکھارتی اور زندگی کے سفر میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔اس موقع پر پرنسپل بی آر سی کالج پروفیسر مطیع الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے۔ ہم نوابزادہ میر زرین خان مگسی کے شکر گزار ہیں جن کی قیادت میں تعلیمی اداروں میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم جام محمد یوسف کے وڑن اور جام کمال خان عالیانی کی سرپرستی میں یہ ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، تاہم کالج کو درپیش مسائل اور فنڈز کی کمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اگر دیگر کالجز کی طرح مناسب فنڈز فراہم کیے جائیں تو یہ ادارہ مزید فعال ہو سکتا ہے۔تقریب سے عبدالرازق رونجھو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ سردار عبدالرشید پھورائی، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی،چیئرمین میونسپل کمیٹی بیلہ شاہجان شاہ، قادر بخش جاموٹ، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل وسیم احمد لاسی، ایس ایچ او اعجاز علی، حاجی عبدالستار جاموٹ، شاہد خان پٹھان سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

