بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے 12 مقامات پر حملے ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں 67 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں یہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں میں اب تک فتنۃ الہندوستان کے 58 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں جب کہ اس دوران سیکیورٹی اداروں اور پولیس کے 10 جوان اس دھرتی اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف لوکیشنز پر دہشت گردوں کا تعاقب اور انگیجمنٹ کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 شہدا کے علاوہ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گوادر میں خضدار سے تعلق رکھنے والے ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد سمیت 11 شہریوں کو بھی شہید کر دیا، جن میں ایک خاتون کے علاوہ 3 بچے بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے آپریشنز اور فضائی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا کی فتنۃ الہندوستان کی مکمل سپورٹ دونوں کے گٹھ جوڑ کو مزید واضح کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے گزشتہ 48 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اس کے علاوہ دیگر کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 41 دہشت گرد پہلے ہی جہنم واصل کر چکے ہیں۔
صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں امن کو درپیش خطرات کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے متعدد مقامات پر کی گئی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
انہوں نے کارروائیوں کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

