خودکش حملے کا ماسٹرمائنڈ ہماری حراست میں ہے، ٹریننگ کے حوالے سے معلومات تھیں، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد امام بارگاہ میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی اور حملے کا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے جبکہ حملہ آور کی جہاں ٹریننگ ہوئی اس حوالے سے ہمیں معلومات تھیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل کا دن پورے پاکستان کے لیے سیاہ دن تھا، تمام متاثرہ خاندانوں کے لیے ہم دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل کا واقعہ ایسا تھا جس نے ہم سب کو ہلایا ہے، کل دھماکے کے بعد ہماری تمام ایجنسیاں اس کی لیڈ میں نکلیں، کل ساری رات آپریشنز چل رہے تھے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا پولیس نے ان تمام لوگوں کو جو ان سے جڑے ہوئے تھے یا ماسٹر مائنڈ تھے تقریباً سب لوگ پکڑے جا چکے ہیں، جس پر سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا اور تمام ٹیم کو مبارک باد دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد نوشہرہ میں چھاپہ مارا گیا اور 4 سہولت کار گرفتار کیے گئے، جو داعش کا ماسٹرمائنڈ تھا وہ افغان ہے وہ بھی پکڑا گیا جبکہ چھاپے کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کا ایک اے ایس آئی شہید ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مین ماسٹرمائنڈ کا تعلق داعش سے ہے وہ ہماری حراست میں ہے، اس واقعے کی پوری منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی ہے، جہاں اس کی تربیت ہوئی، اس کے حوالے سے بھی ہمیں معلومات تھیں، ٹوٹل چار لوگ گرفتار ہوئے ہیں، دو لوگوں نے ریکی کی تھی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ امید نہیں تھی کہ اتنی جلدی پکڑ لیں گے لیکن ہمارے اداروں نے بہت اچھا کام کیا، داعش کا سارا نیٹ ورک پکڑا گیا، یہ لوگ پیسوں کے لیے کام کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں