سوئی (نمائندہ خصوصی) پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی، زیرِ انتظام Indus Hospital & Health Network میں بلوچستان کے پہلے MRCGP International Programme کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جسے صوبے خصوصاً سوئی جیسے دور افتادہ علاقے کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بلوچستان میں بین الاقوامی معیار کا MRCGP پروگرام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد ڈاکٹروں کو عالمی معیار کی پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ صوبے میں صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر شمیل، ڈاکٹر زفر زیدی اور ڈاکٹر فریدہ نے آن لائن شرکت کی، جبکہ ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر مسعود نوشیروانی، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، کنسلٹنٹس، ٹرینیز اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوئی جیسے پسماندہ اور رورل علاقے میں اس پروگرام کا آغاز اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ معیاری طبی تعلیم اور جدید تربیت کو ملک کے دور دراز علاقوں تک بھی پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو ادارے کی قیادت، کنسلٹنٹس اور فیکلٹی ممبران کی انتھک محنت، لگن اور وژن کا نتیجہ قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر اس تاریخی کامیابی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، جبکہ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام بلوچستان کے نوجوان ڈاکٹروں کے لیے نئے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرے گا اور خطے میں صحت کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

