پہیے نکلنے کا خطرہ، ٹیسلا نے اپنے سائبر ٹرکس واپس منگوا لیے

ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا نے گزشتہ دو برسوں میں فروخت ہونے والے تمام ریئر-وہیل-ڈرائیو سائبر ٹرکس پہیے نکل جانے کے خطرے کی وجہ سے واپس منگوا لیے۔

امریکا کی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (این ایچ ٹی ایس اے) نے خبردار کیا ہے کہ نازک اسٹڈ ہولز وہیل اسٹڈ کے وہیل ہب سے علیحدہ ہونے کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے حادثات کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

این ایچ ٹی ایس اے نے اپنے ریکال نوٹس میں کہا کہ متاثرہ گاڑیوں میں، خراب سڑکوں کے شدید جھٹکے اور تیز موڑ کا دباؤ وہیل روٹر کے اسٹڈ ہول پر اتنا زور ڈال سکتا ہے کہ اس میں دراڑیں پڑنا شروع ہو جائیں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اگر گاڑی مسلسل اسی حالت میں چلتی رہی اور دباؤ بڑھتا رہا، تو یہ دراڑیں پھیل سکتی ہیں، یہاں تک کہ وہیل اسٹڈ مکمل طور پر وہیل ہب سے الگ ہو جائے اور وہیل ہب الگ ہونے کی صورت میں گاڑی پر کنٹرول ختم ہو سکتا ہے، جس سے حادثے کا خطرہ کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔

ایلون مسک کی کمپنی کو تمام متاثرہ گاڑیوں میں ہب، لگ نٹس اور اگلے و پچھلے بریک روٹرز مفت تبدیل کرنا ہوں گے، اور اس کا کوئی خرچ گاڑی مالکان سے نہیں لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں