جون 2026: پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی میں 367 کامیاب آپریشنز اور ڈیلیوریز، معیاری طبی خدمات کا سلسلہ جاری

ڈیرہ بگٹی(نمائندہ خصوصی) زیرِ انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک، پبلک ویلفیئر ہسپتال سوئی نے جون 2026 کے دوران طبی خدمات کی فراہمی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 367 کامیاب جنرل سرجریز، سیزیرین آپریشنز اور نارمل ڈیلیوریز انجام دیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جون کے مہینے میں 92 جنرل سرجریز، 77 کامیاب سیزیرین آپریشنز (C-Sections) اور 198 نارمل ڈیلیوریز کی گئیں، جس کے ذریعے سینکڑوں مریضوں، ماؤں اور نومولود بچوں کو بروقت، محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کامیابیاں ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر محمد حسن بگٹی کی مؤثر قیادت اور نگرانی کا نتیجہ ہیں۔ شعبہ جنرل سرجری کے سربراہ ڈاکٹر حنیف بگٹی اور ان کی ٹیم نے جنرل سرجری کی خدمات احسن انداز میں انجام دیں، جبکہ شعبہ گائنی اینڈ آبسٹیٹرکس کی ٹیم نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، انتھک محنت اور مریض دوست رویے کے ذریعے ماؤں اور نومولود بچوں کو معیاری اور محفوظ طبی نگہداشت فراہم کی۔
ہسپتال انتظامیہ نے تمام ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، پیرا میڈیکل اور معاون عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کی مسلسل رہنمائی، اعتماد اور تعاون کی بدولت سوئی اور گردونواح کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔ انتظامیہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی خدمات اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں