دنیا بھر میں بے چینی سے انتظار کیا جانے والا ویڈیو گیم GTA 6 کی قیمت جہاں تقریباً 80 ڈالر ہے، وہیں ایک خوش قسمت گیمر نے یہی گیم محض 2.12 ڈالر میں پری آرڈر کرکے سب کو حیران کردیا۔
رپورٹس کے مطابق اس کھلاڑی نے 79.99 ڈالر مالیت والا GTA 6 اسٹینڈرڈ ایڈیشن صرف 2.12 ڈالر میں حاصل کیا، یعنی اسے گیم کی اصل قیمت پر 77.87 ڈالر کی بچت ہوئی، جو تقریباً 97 فیصد رعایت کے برابر ہے۔
یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریڈٹ صارف ٹینگی ریڈ ایپل نے بتایا کہ چند ماہ قبل اس نے بیسٹ بائے سے پلے اسٹیشن فائیو پرو خریدا تھا تاکہ GTA 6 کی آمد سے پہلے اپنا گیمنگ سیٹ اپ مکمل کرسکے۔ اس خریداری کے دوران اس نے کمپنی کا کریڈٹ کارڈ استعمال کیا تھا، جس کے بدلے میں اسے کیش بیک ریوارڈز ملے، مگر وہ انہیں بھول گیا۔
جب GTA 6 کی پری آرڈر بکنگ شروع ہوئی تو اس نے اپنا اکاؤنٹ چیک کیا، جہاں موجود ریوارڈ سرٹیفکیٹس نے گیم کی زیادہ تر قیمت ادا کردی۔ بعد ازاں اس نے 10 فیصد اضافی ڈسکاؤنٹ کوپن بھی استعمال کیا، جس کے بعد گیم کی قیمت صرف 2.12 ڈالر رہ گئی۔
اس گیمر نے دیگر شائقین کو بھی مشورہ دیا کہ نئی گیم خریدنے سے پہلے اپنے کریڈٹ کارڈ ریوارڈز، اسٹور لائلٹی پروگرامز اور کیش بیک بیلنس ضرور چیک کریں، کیونکہ بعض اوقات پہلے سے موجود رعایتیں بڑی بچت کا باعث بن سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صرف یہی صارف نہیں بلکہ کئی Xbox گیمرز بھی مائیکرو سافٹ پروگرام کے ذریعے پوائنٹس جمع کر کے GTA 6 کی قیمت کم کر رہے ہیں۔ بعض صارفین نے تو مائیکروسافٹ کی مختلف سروسز، خصوصاً Bing پر سرگرمیوں کے ذریعے اتنے پوائنٹس حاصل کرلیے کہ وہ گیم کی 99.99 ڈالر مالیت والی الٹیمیٹ ایڈیشن بھی مفت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، اگرچہ اتنے پوائنٹس جمع کرنے میں کافی وقت لگتا ہے۔
واضح رہے کہ راک اسٹار گیمز نے GTA 6 اسٹینڈرڈ ایڈیشن کی قیمت 79.99 ڈالر جبکہ الٹیمیٹ ایڈیشن کی قیمت 99.99 ڈالر مقرر کی ہے۔ یہ گیم پلے اسٹیشن فائیو اور ایکس باکس سیریز X|S کے لیے پری آرڈر کیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کی باضابطہ ریلیز 19 نومبر 2026 کو ہوگی۔ گیم کو 12 نومبر سے پری لوڈ بھی کیا جا سکے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ 2.12 ڈالر میں گیم خریدنے کا یہ کوئی خفیہ یا عام رعایتی آفر نہیں تھی، بلکہ یہ اس صارف کے پہلے سے موجود ریوارڈز، سرٹیفکیٹس اور ڈسکاؤنٹ کوپن کا نتیجہ تھا، جسے اس نے بروقت استعمال کر کے غیر معمولی بچت حاصل کی۔

