وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کا گوادر پورٹ پرکارگو،ٹرانس شپمنٹ بحری جہازوں کی آمد،تجارتی سرگرمیوں کے کامیاب تسلسل کا خیرمقدم

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے گوادر پورٹ پرکارگو اور ٹرانس شپمنٹ بحری جہازوں کی آمد اور تجارتی سرگرمیوں کے کامیاب تسلسل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی بحری صورتحال کے باوجود گوادر پورٹ پر بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں کا جاری رہنا بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کے لیے نہایت حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کو سرمایہ کاری، تجارت، صنعت اور لاجسٹکس کا علاقائی مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ گوادر پورٹ اس وژن کی تکمیل میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کا گوادر پورٹ پر بڑھتا ہوا اعتماد اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ یہ بندرگاہ عالمی معیار کی سہولیات، محفوظ آپریشنز اور مؤثر لاجسٹکس کی بدولت خطے میں اپنی اہمیت مسلسل مستحکم کر رہی ہے۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ نہ صرف گوادر پورٹ کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت، ویلیو ایڈیشن، روزگار کے مواقع اور برآمدی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ، چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور علاقائی تجارتی روابط کے تناظر میں پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک اہم ستون بن کر ابھر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں