وکلاء کنونشن نے جے یو آئی کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنیوالوں کے بے بنیاد الزامات کا مؤثر جواب دے،مولاناعبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے قائد حضرت مولانا فضل الرحمن کا وکلاء کنونشن سے خطاب مظلوم شہداء، ان کے لواحقین اور انصاف کے متلاشی ہر شہری کے جذبات کی حقیقی ترجمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرینِ قانون کے اس باوقار اجتماع میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے نہایت واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے آئین شکنی کے مرتکب عناصر کو آئینہ دکھایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء کنونشن نے جمعیت علماء اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے بے بنیاد الزامات کا مؤثر جواب دے دیا اور ایک بار پھر یہ حقیقت واضح ہوگئی کہ قائدِ جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن کا مؤقف تاریخی حقائق، آئینی اصولوں اور زمینی حقائق پر مبنی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ سے شہداء کی عظمت، ان کے خون کی حرمت اور ان کے لواحقین کے حقوق کی علمبردار جماعت رہی ہے اور ہر فورم پر مظلوموں کی آواز مؤثر انداز میں بلند کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کامیاب وکلاء کنونشن کے انعقاد پر جمعیت لائرز فورم پاکستان کے صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وکلاء برادری آئین کی سربلندی، قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کے فروغ کے لیے آئندہ بھی اپنا مؤثر اور تاریخی کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں