لوکل گورنمنٹ کچھی کی ٹینڈرنگ پالیسی پر ٹھیکیداروں کے شدید تحفظات، ری ٹینڈرنگ کا مطالبہ

بولان (این این آئی)رند قومی اتحاد نصیرآباد ڈویژن کے صدر اور معروف گورنمنٹ کنٹریکٹر حاجی ریاض احمد رند نے دیگر ٹھیکیداروں کے ہمراہ ڈھاڈر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محکمہ لوکل گورنمنٹ کچھی کی ٹینڈرنگ پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کچھی کی جانب سے 20 جولائی کو ٹینڈرز اوپن کرنے کی تاریخ مقرر کی گئی تھی اور تمام ٹھیکیداروں نے اپنی درخواستیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کچھی کے دفتر میں جمع کروانی تھیں، تاہم حسبِ روایت اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپنے دفتر میں موجود نہ تھے بلکہ مبینہ طور پر کسی پوش علاقے میں بیٹھ کر ٹینڈرز اوپن کیے گئے، جس سے ٹینڈرنگ کے عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات جنم لیتے ہیں اور یہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ من پسند افراد کو نوازنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس سے قبل بھی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے اسی طرزِ عمل کے خلاف عدالتِ عالیہ سے رجوع کیا گیا تھا، جہاں معزز عدالت نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ تمام ٹینڈرز اسسٹنٹ ڈائریکٹر کچھی کے سرکاری دفتر میں کھولے جائیں، مگر عدالتی احکامات کے باوجود متعلقہ افسر اپنی سابقہ روش پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق آج دفتر میں صرف سینئر کلرک اور ایک انجینئر موجود تھے۔حاجی ریاض احمد رند نے ڈپٹی کمشنر کچھی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کچھی کو سرکاری دفتر میں ٹینڈرز اوپن کرنے کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ ٹینڈرنگ عمل کو منسوخ کرکے شفاف انداز میں ری ٹینڈرز کرائے جائیں تاکہ ٹھیکیدار برادری میں پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ہو اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں