ملک کوبحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ آئین پر مکمل عملدرآمد ہے، سینیٹر ایمل ولی خان

اسلام آباد : عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک شخصیات سے نہیں آئین سے چلتے ہیں، پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ آئین پر مکمل اور بلاامتیاز عملدرآمد، آزاد اور شفاف انتخابات، پارلیمان کی بالادستی، اداروں کی آئینی حدود کی پاسداری اور قانون کی یکساں حکمرانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پارٹی کے چالیسویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام عوامی نیشنل پارٹی فیڈرل کیپیٹل اسلام آباد نے کیا تھا۔تقریب میں پارٹی کے مرکزی صدرسینیٹرایمل ولی خان کے علاوہ مرکزی جنرل سیکرٹری بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر سلیم خان، صوبائی صدر عبدالرحیم خان، اسلام آباد فیڈرل کیپیٹل کے صدر صدام خان سمیت مرکزی و صوبائی رہنماؤں، عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم اور حقیقی وفاقیت پاکستان کی مضبوطی کی ضمانت ہیں، جبکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم، صوبائی خودمختاری اور مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی وقت کی اہم ضرورت ہے، ماضی کی غلط پالیسیوں کا غیر جانبدارانہ احتساب کیا جائے ،دہشت گردی کے خلاف ریاست اور معاشرے کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہ ملے، نوجوانوں کو معیاری تعلیم، روزگار اور سیاسی فیصلہ سازی میں حصہ دیا جائے، خواتین کو حقیقی قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں اور مذہبی اقلیتوں کے آئینی و شہری حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے،فوجی جوانوں، سرکاری ملازمین، سیاسی کارکنوں اور عام شہریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی تنظیمی عمر اگرچہ 40 سال ہے، لیکن اس کی نظریاتی اور سیاسی جدوجہد تقریباً ایک صدی پر محیط خدمت گار تحریک کا تسلسل ہے،پارٹی کا 40واں یومِ تاسیس دراصل تجدیدِ عہد کا دن ہے، پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، آئین کی بالادستی، صوبائی خودمختاری، سماجی انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں پر سیاست کی ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک بار پھر ملک کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے،آج پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے،دہشت گردی کے خلاف ریاست اور معاشرے کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نےافغانستان کے ساتھ باہمی احترام اور عدم مداخلت پر مبنی تعلقات، بلوچستان میں سیاسی مکالمے، انصاف اور عوامی اعتماد کی بحالی، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، انسانی حقوق کے تحفظ اور گلگت بلتستان کو مکمل آئینی و سیاسی حقوق دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کےوسائل کے معاملے پر ہمارا موقف واضح ہےکہ گیس، معدنیات اور بڑے منصوبوں کا پہلا فائدہ مقامی لوگوں کو پانی، سکول، ہسپتال اور روزگار کی صورت میں ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر محض زمین کا تنازعہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور انسانی وقار کا سوال ہے،مقبوضہ کشمیر میں جبر اور پابندیاں مسئلے کا حل نہیں، مسئلے کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مذاکرات سے ہے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام آئینی شناخت، قومی اسمبلی و سینیٹ میں نمائندگی اور مالی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں،کشمیر کے بین الاقوامی تنازع کو متاثر کیے بغیر بھی گلگت بلتستان کو مکمل آئینی اور سیاسی حقوق دئیے جا سکتے ہیں، وہاں کے شہری بین الاقوامی حل کے انتظار میں بنیادی حقوق سے محروم نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے معیشت، نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں اور صحافت کے حوالے سے بھی پارٹی کا مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، روزگار اور سیاسی فیصلہ سازی میں حصہ دیا جائے، خواتین کو حقیقی قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں اور مذہبی اقلیتوں کے آئینی و شہری حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے آزاد صحافت کو جمہوریت کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو سوال پوچھنے اور حقائق سامنے لانے کی آزادی حاصل ہونی چاہیے اور انہیں دباؤ، تشدد یا انتقامی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے،ہمیں دنیا کے ساتھ باوقار تعلقات چاہییں ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی باچا خان کے جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے فلسفے کی امین ہے اور کارکن اسی نظرئیے کے تحت عوام کی خدمت اور حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔تقریب سے مرکزی جنرل سیکرٹری بریگیڈیئر (ر)ڈاکٹرسلیم خان، صوبائی صدر عبدالرحیم خان، صدام خان، و دیگر نےخطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جمہوریت، آئین کی بالادستی، صوبائی خودمختاری، دہشت گردی کے خاتمے، عوامی حقوق اور پاکستان میں پائیدار امن، انصاف اور مساوات کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر یومِ تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں