کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی ہدایات کے مطابق دور دراز علاقوں میں معیاری اور بلا تعطل طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بنیادی مراکزِ صحت کی مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں ضلع منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے بنیادی مرکزِ صحت (بی ایچ یو) نوگوڈو کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات کے دستیاب ذخیرے، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر مرشد دشتی نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، معیاری اور خوش اخلاقی کے ساتھ طبی خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی پی پی ایچ آئی اور حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا تمام عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دے۔

