گنداواہ: ضلع جھل مگسی کے ضلعی صدر مقام شہر گنداواہ میں کئی ماہ سے بند ڈاکخانے کی بحالی کے لیے ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے اہم اور فوری اقدام کرتے ہوئے محکمہ ڈاک کے متعلقہ حکام کو اپنے دفتر طلب کر لیا اور عوام کو درپیش مشکلات کے مستقل حل کے لیے عملی فیصلے کیے ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ڈاک خانہ جات نصیر آباد ڈویژن صاحب ڈنہ پلال اور پوسٹ ماسٹر نیک محمد سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں گنداواہ میں ڈاکخانہ بند ہونے کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات اور متبادل انتظامات پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے گنداواہ ڈاکخانہ کی فوری بحالی کے لیے ریڈ زون، ڈبل روڈ پر نیشنل بینک آف پاکستان گنداواہ برانچ کے سامنے واقع دو کمروں پر مشتمل سرکاری عمارت محکمہ ڈاک کو بلا معاوضہ فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے، تاکہ ڈاکخانہ جلد از جلد دوبارہ فعال ہو سکے اور شہریوں کو ڈاک، رجسٹری، مالی ترسیلات اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی بحال کی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر تحصیل جھل مگسی میں بھی ڈاکخانہ بحال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے محکمہ ڈاک کے حکام کو یقین دہانی کرائی کہ وہاں بھی ڈاکخانے کے قیام کے لیے مناسب سرکاری عمارت مفت فراہم کی جائے گی، تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بھی محکمہ ڈاک کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔عوامی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ کے اس بروقت اور عوام دوست اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ گنداواہ اور تحصیل جھل مگسی میں ڈاکخانوں کی جلد بحالی سے شہریوں کو درپیش طویل عرصے سے جاری مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور محکمہ ڈاک کی تمام اہم خدمات دوبارہ بحال ہو جائیں گی

