صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم پنجگور میں بارشوں سے زمینداروں کے زرعی Èلات کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرے،محمدایوب شمبے زئی

پنجگور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ڈاکٹر محمد ایوب شمبے زئی نے تحصیل پروم پنجگور میں حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں زمینداروں کے زرعی آلات کو پہنچنے والے بھاری نقصانات پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ پنجگور، محکمہ زراعت، این ڈی ایم اے اور بالخصوص پنجگور رائفلز کے کمانڈنٹ میجر جنرل ظفر اقبال سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ زمینداروں کی فوری مالی معاونت اور زرعی آلات کے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارشوں کے باعث تحصیل پروم کے مختلف علاقوں میں سولر پینلز، انورٹرز، ٹیوب ویل سسٹمز اور دیگر قیمتی زرعی آلات کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث کاشتکار سخت مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور زرعی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص چھوٹے، متوسط اور نئے زمیندار اس قدر بڑے مالی نقصانات کا ازالہ کرنے سے بالکل قاصر ہیں اور ان کے لیے دوبارہ زرعی آلات کی خریداری یا مرمت اپنے محدود وسائل سے ممکن نہیں۔ اگر انہیں بروقت مالی امداد اور حکومتی تعاون فراہم نہ کیا گیا تو ان کی زرعی سرگرمیاں طویل عرصے تک متاثر رہ سکتی ہیں، جس کے منفی اثرات نہ صرف ان کے روزگار بلکہ مقامی زرعی پیداوار پر بھی مرتب ہوں گے۔ڈاکٹر محمد ایوب شمبے زئی نے کہا کہ بارشیں اللہ تعالیٰ کی رحمت ہیں، لیکن قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا بروقت ازالہ کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے نقصانات کی جامع رپورٹ مرتب کریں اور متاثرہ زمینداروں کو شفاف انداز میں مالی امداد اور زرعی آلات کے نقصانات کا مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے پنجگور رائفلز کے کمانڈنٹ میجر جنرل ظفر اقبال سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کی طرح عوامی خدمت کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحصیل پروم کے متاثرہ زمینداروں کی ہر ممکن معاونت کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ایک قومی اور انسانی فریضہ ہے، اور امید ہے کہ تمام متعلقہ ادارے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ڈاکٹر محمد ایوب شمبے زئی نے مزید کہا کہ زمیندار ملکی معیشت اور غذائی تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان کے زرعی آلات کے نقصانات کا فوری ازالہ اور مالی معاونت نہ صرف ان کی مشکلات میں کمی لائے گی بلکہ علاقے میں زرعی سرگرمیوں کی بحالی اور معاشی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں