گنداواہ جھل مگسی: ضلع جھل مگسی میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث والدین،اور مختلف سماجی و عوامی حلقوں نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سمر زون کے اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں 20 اگست 2026 تک توسیع کی جائے تاکہ طلبہ کو شدید موسمی حالات سے محفوظ رکھا جا سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع جھل مگسی، بالخصوص گنداواہ، بلوچستان کے گرم ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں موسمِ گرما میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک پہنچ جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شدید گرمی کی موجودہ لہر اگست کے وسط تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ یکم اگست سے تعلیمی اداروں کی بحالی بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔والدین نے مؤقف اختیار کیا کہ متعدد سرکاری اسکولوں میں ٹھنڈے پینے کے پانی، بجلی اور گرمی سے بچاؤ کی بنیادی سہولیات ناکافی ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ شدید دھوپ میں سفر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے ہیٹ اسٹروک اور دیگر موسمی بیماریوں کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔عوامی حلقوں نے حکومتِ بلوچستان، سیکرٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن، ڈویڑنل ڈائریکٹر ایجوکیشن اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ طلبہ کی جان و صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے گرمیوں کی تعطیلات میں 20 اگست تک توسیع کا فوری اعلان کیا جائے۔

