اسلام آباد (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور سے ان کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور معاشرتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔سیدال خان ناصر نے بلور خاندان کی قومی، عوامی اور جمہوری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس خاندان نے خیبر پختونخوا کی ترقی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلور خاندان نے جمہوریت کے استحکام، عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جبکہ اپنی کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے۔اس موقع پر حاجی غلام احمد بلور نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوانِ بالا میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور وہ اپنے صوبے اور عوام کی مثر آواز بن کر ان کے مسائل اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملک، جمہوریت اور عوام کی خدمت کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھیں گے۔

