کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ کراچی ڈویژن کے صدر مشتاق مٹو کی میزبانی میں اقلیتوں کے عالمی دن (11 اگست) کے موقع پر ملیر میمن گوٹھ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب، رنگ و نسل اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں اقلیتوں کے حقوق، قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان میں اقلیتی برادری کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔تقریب سے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی منارٹی ونگ سندھ کے صدر ڈاکٹر لال چند اکرانی، مہمان اعزازی پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری رؤف احمد ناگوری، ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری اقلیتی امور سندھ روما مشتاق مٹو اور میزبان و پیپلز پارٹی منارٹی ونگ کراچی ڈویژن کے صدر مشتاق مٹو نے خطاب کیا۔ اس موقع پر آفاق مشتاق مٹو، امداد جوکھیو، سلامت نور، جاوید، حمید بھٹی، راجیش مشہوری، ارشد یونس، راہی رزاق، تاج دھیرج بھارتی، رتن اور دیگر بھی موجود تھے۔مہمان خصوصی ڈاکٹر لال چند اکرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کو اہمیت دی۔ انہوں نے کہا کہ 11 اگست اقلیتوں کے لیے اپنی اہمیت، حقوق اور قومی کردار کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے تمام شہریوں کو بلاامتیاز برابر کا شہری سمجھا اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں اور انہیں آئین و قانون کے تحت برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری رؤف احمد ناگوری نے کہا کہ 11 اگست درحقیقت اقلیتوں کے حقوق اور قومی زندگی میں ان کے کردار کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی اقلیتوں کو خود سے الگ نہیں سمجھا بلکہ انہیں ہر سطح پر قومی دھارے کا حصہ بنایا ہے۔ صوبائی اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ سمیت تمام ایوانوں میں اقلیتی نمائندگان کو برابر کی حیثیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اقلیتوں کو برابر کا شہری سمجھنے کے عملی مظاہرے کیے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے۔ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری اقلیتی امور سندھ روما مشتاق مٹو نے کہا کہ 11 اگست اقلیتی برادری کے لیے انتہائی اہم دن ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے 11 اگست 1947 کو اپنی تاریخی تقریر میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے حوالے سے واضح تصور پیش کیا تھا، اسی سوچ کو آگے بڑھاتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے یہ دن منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کی محافظ ہے اور آج کی تقریب اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر تمام مذاہب اور طبقات کے لوگ متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام شہریوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور ملک دشمن سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیے۔روما مشتاق مٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل رکھا ہے اور پارٹی کی قیادت میں یہ سوچ موجود ہے کہ ملک کے تمام شہری بلاامتیاز برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اقلیتی برادری کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے معرکہ حق کے دوران پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملکی دفاع کے لیے قوم اور اقلیتیں بھی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔تقریب کے میزبان اور پیپلز پارٹی منارٹی ونگ کراچی ڈویژن کے صدر مشتاق مٹو نے کہا کہ وہ آج کے دن اپنے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھتے ہوئے رنگ، نسل، زبان اور مذہب کی تفریق کے بغیر تمام طبقات کو اپنے ساتھ جوڑا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک ایسے گلدستے کی مانند ہے جس میں مختلف مذاہب، رنگ و نسل اور طبقات کے لوگ شامل ہیں۔ 11 اگست اقلیتوں کا دن ہے لیکن آج کی تقریب میں ہر مذہب اور مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی اتحاد، رواداری اور مساوات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔مشتاق مٹو نے کہا کہ کراچی میں جب بھی اقلیتی برادری کو مشکلات کا سامنا ہوا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ایم پی اے روما مشتاق مٹو نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر متاثرہ افراد کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کررہی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، کارکنان اور عوام مل کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر مشتاق مٹو نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر تقریب کو کامیاب بنایا۔ تقریب کا اختتام ”جئے بھٹو، پاکستان زندہ باد، پاکستان پیپلز پارٹی زندہ باد“ کے نعروں سے ہوا۔

