پنجاب بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کی جیو ٹیگنگ کے ذریعے سکیورٹی نگرانی کا فیصلہ

پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کی نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت سکولوں کی جیو ٹیگنگ کے ذریعے سکیورٹی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں میں ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ سکیورٹی سٹیٹس ایپ اور ویب پورٹل نافذ کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو اپنے آفیشل لاگ اِن کے ذریعے سکیورٹی ایپ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کرنا ہوگی۔

نئے نظام کے تحت ہر تعلیمی ادارے کو سکیورٹی سے متعلق تمام مطلوبہ معلومات اور تفصیلات ویب پورٹل پر درج کرنا لازمی ہوگا۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فراہم کردہ معلومات مکمل، درست اور تازہ ترین ہوں جبکہ ان میں باقاعدگی سے ضروری اپ ڈیٹس بھی کی جائیں۔

ڈیجیٹل سکیورٹی سسٹم کے ذریعے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی، جس سے متعلقہ حکام کو سکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی اور انتظامی اقدامات میں مدد ملے گی۔

حکام کے مطابق جیو ٹیگنگ اور آن لائن پورٹل پر مبنی یہ نظام تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کو مزید منظم، مؤثر اور قابلِ نگرانی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں