سیوی (نامہ نگار) نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری یار محمد بنگلزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے ان کی زرعی زمین سے مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا، واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ نیشنل پارٹی سمیت مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں، وکلا، تاجر برادری اور شہری حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغوی یار محمد بنگلزئی کی فوری اور بحفاظت بازیابی اور اغوا میں ملوث عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ذرائع کے مطابق نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری یار محمد بنگلزئی اپنی زرعی زمین پر موجود تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر انہیں اسلحہ کے زور پر اپنی تحویل میں لیا اور زبردستی اپنے ہمراہ لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ، سیاسی کارکنوں اور علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پھیل گئی یار محمد بنگلزئی کے مبینہ اغوا کی اطلاع پر نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے ذمہ دار عہدیدار کا دن دہاڑے مبینہ طور پر اغوا ہونا انتہائی تشویشناک اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے سیاسی و سماجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات سے نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوتا ہے بلکہ علاقے میں امن و امان کے حوالے سے بھی شدید خدشات جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مغوی کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں اور اغوا کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے شہری حلقوں نے بھی یار محمد بنگلزئی کے مبینہ اغوا پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی بدامنی اور جرائم کے واقعات کے باعث پریشان ہیں، ایسے میں سیاسی و سماجی شخصیات کا تحفظ بھی یقینی نہ ہونا باعث تشویش ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ یار محمد بنگلزئی کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
دریں اثناء واقعے کے بعد نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور دیگر سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، جبکہ شہریوں نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری اور مؤثر کارروائی کی اپیل کی ہے

