نیویارک: قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے ایران اور خلیجی ممالک کو شامل کرکے ایک مشترکہ علاقائی سیکیورٹی فریم ورک قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انادولو کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر قطر اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے کہا کہ حالیہ جنگ کو خطے کے لیے ایک ’’ویک اپ کال‘‘ سمجھنا چاہیے۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق کئی مفروضے حالیہ بحران کے دوران آزمائش سے گزرے ہیں، جبکہ اس بحران کے اثرات صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں رہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال تمام ممالک کو اس بات پر غور کرنے پر مجبور کرے گی کہ خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان ایسا علاقائی سیکیورٹی نظام قائم کیا جائے جس کے ذریعے خطے میں سلامتی اور استحکام کے معاملات کو مشترکہ طور پر حل کیا جاسکے۔

