کوئٹہ(رپورٹر) بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ نے علاقائی وفد کے ہمراہ تھانہ عبدالخالق شہید کے ایس ایچ او اعجاز احمد کی دعوت پر خصوصی ملاقات کی، جس میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال، شہریوں کے مسائل اور پولیس کے اقدامات سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او اعجاز احمد نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے، شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی یا مسئلے کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں، جبکہ امن و امان کے حوالے سے عوام کی مفید تجاویز کا ہر وقت خیرمقدم کیا جائے گا۔ ایس ایچ او اعجاز احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ نے ایس ایچ او اعجاز احمد کی جانب سے علاقے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ ہی بہتر امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم علاقے کے عوام کے مسائل اور امن و امان کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

