بھاگ ناڑی میں بدامنی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا احتجاجی مظاہرہ

بھاگ(نامہ نگار) آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بھاگ کے زیرِ اہتمام بھاگ شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی چوری ڈکیتی رہزنی اور لوٹ مار کے خلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاج میں بھاگ شہر کی سیاسی سماجی و قبائلی شخصیات تاجر برادری ٹرانسپورٹرز اور مختلف عوامی حلقوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہر میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا احتجاجی مظاہرے میں آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بھاگ کے چیئرمین ماما عبدالستار بنگلزئی قبائلی شخصیت رئیس اللہ ڈتہ ہانبھی میر فتح محمد سومرو نیشنل پارٹی کے رہنما غنی بلوچ جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا محمد یوسف گویا مولانا عبدالسلام مندرانی وائس چیئرمین ایکشن کمیٹی حاجی محمد الیاس کلواڑ جاموٹ قومی موومنٹ کے رہنما کامریڈ فیاض احمد جاموٹ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر قادر بخش گویا کونسلر عطا اللہ مستوئی پاکستان تحریک کے رہنما عبیداللہ مغیری جماعت اہلسنت کے رہنما حافظ اصغر علی مغیری قبائلی رہنماؤں وڈیرہ دلمراد ابڑو اور وڈیرہ غلام مرتضیٰ ابڑو ٹرانسپورٹ یونین کے صدر ماما رحیم بنگلزئی ڈاکٹر وزیر احمد مہر اقلیتی رہنما گیلا رام گیان چند منش سمیت دیگر سیاسی سماجی قبائلی رہنماؤں تاجروں اور شہریوں نے شرکت کی اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھاگ شہر اور تحصیل بھر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ لوگ نہ اپنے گھروں میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں نہ بازاروں میں اور نہ ہی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر آئے روز چوری ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے مقررین نے کہا کہ مبینہ طور پر مسلح افراد دن دہاڑے شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں جبکہ متاثرین اپنی جمع پونجی موبائل فون موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورتحال نے عام شہری کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کو بھی شدید متاثر کیا ہے مقررین کے مطابق اسکول اساتذہ ڈاکٹرز اور دیگر سرکاری ملازمین جب اپنی ڈیوٹی کی انجام دہی کے لیے شہر سے باہر مختلف دیہات اور علاقوں کی طرف جاتے ہیں تو انہیں بھی راستے میں مبینہ طور پر لوٹ مار کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے باعث سرکاری ملازمین میں بھی عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے احتجاجی رہنماؤں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے عوام مسلسل وارداتوں سے پریشان ہیں اور انہیں فوری طور پر عملی اقدامات کی ضرورت ہے صرف یقین دہانیوں یا رسمی کارروائیوں سے شہریوں کے تحفظ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور شہر و تحصیل میں مؤثر گشت و نگرانی کا نظام یقینی بنانا ہوگا آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے انتظامیہ کو چار روز کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر چار دن کے اندر حالیہ وارداتوں میں شہریوں سے چھینا گیا سامان واپس دلانے کے لیے مؤثر پیش رفت نہ کی گئی ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی اور وارداتوں کا سلسلہ نہ روکا گیا تو آل پارٹیز ایکشن کمیٹی بھاگ اپنا آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی مقررین نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے معاملے پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سیاسی و سماجی حلقے اور تاجر برادری مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے احتجاج کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھاگ شہر اور تحصیل کے مختلف علاقوں میں پولیس گشت مؤثر بنایا جائے اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کا نظام بہتر کیا جائے حالیہ وارداتوں میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ شہریوں سے چھینا گیا سامان برآمد کرکے انہیں واپس دلایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں