کوئٹہ (رپورٹر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میڈیا فورم صوبہ بھر کے میڈیا پرسنز کی توانا اور مؤثر آواز بن چکا ہے، فورم کی جانب سے صحافیوں کے حقوق، آزادیٔ صحافت اور میڈیا سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کیلئے کی جانے والی جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ، سیکرٹری جنرل اللہ داد رند اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور صحافیوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے مؤثر آواز اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ بلوچستان جیسے وسیع و پسماندہ صوبے میں صحافی محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حقائق عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ بلوچستان میڈیا فورم کی جانب سے صوبے بھر کے میڈیا پرسنز کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا خوش آئند اقدام ہے، جس سے صحافیوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی آزادیٔ صحافت کی علمبردار ہے اور صحافیوں کے جائز حقوق، آزادیٔ اظہار اور مثبت صحافتی اقدار کے تحفظ کیلئے ہر جدوجہد میں صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میڈیا فورم مستقبل میں بھی صحافیوں کے حقوق اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

