مسلم لیگ (ن) میں خواتین کو اہم مقام حاصل ہے اور پارٹی خواتین کی سیاسی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مواقع فراہم کر رہی ہے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ خواتین ملک کی آبادی کا بڑا حصہ ہیں، سیاسی عمل میں ان کی بھرپور شرکت کے بغیر معاشرے کی مکمل نمائندگی ممکن نہیں، مسلم لیگ ن خواتین کو سیاسی، تنظیمی اور فیصلہ سازی کے عمل میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے، نئی شامل ہونے والی خواتین کو پارٹی پلیٹ فارم پر فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں 300 خواتین کی پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر و رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر، مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی صدر و صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، سابق وفاقی وزیر خلیل جارج، صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر، فتح جمالی، ترجمان شاکر محمد حسنی، نثار اچکزئی،عامر شیخ، فاطمہ خان، نرگس مینگل، ماہ جبین مینگل، ڈاکٹر آمینہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ یورپ میں خواتین نے آزادی اور اپنے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی اور اس کی بڑی قیمت چکائی، وہاں عمر بڑھنے کے ساتھ خواتین کے مقام اور احترام میں اضافہ ہوتا ہے، تاہم مغربی معاشروں میں خواتین کو سستی افرادی قوت کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان اور اسلام میں خواتین کو الگ اور باعزت مقام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو صرف ووٹ دینے یا سیاسی اجتماعات میں شرکت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں سیاسی جماعتوں کی تنظیم سازی، پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) میں خواتین کو اہم مقام حاصل ہے اور پارٹی خواتین کی سیاسی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مواقع فراہم کر رہی ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والی خواتین کو جلد محسوس ہوگا کہ ان کا فیصلہ درست تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئی شامل ہونے والی خواتین کو پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سردار یعقوب ناصر اور راحیلہ حمید درانی مسلم لیگ ن کے وہ ساتھی ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود پارٹی کا ساتھ دیا۔ انہوں نے خواتین ونگ کی صوبائی صدر کو ہدایت کی کہ اضلاع کی سطح پر خواتین ونگ کو مزید فعال اور منظم کیا جائے تاکہ خواتین کو سیاسی سرگرمیوں میں مؤثر انداز میں شریک کیا جاسکے۔رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کئی مرتبہ اقتدار میں رہی اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام نے ہر بار مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور خواتین کو سیاسی عمل میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ خواتین معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور سیاست میں ان کی مؤثر شرکت وقت کی ضرورت ہے۔ خواتین کو اپنی صلاحیتوں، تعلیم اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سیاسی اور سماجی معاملات میں آگے آنا ہوگا۔ مسلم لیگ ن خواتین کو سیاسی پلیٹ فارم فراہم کرنے اور انہیں تنظیمی سطح پر فعال بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین صرف کارکن کی حیثیت سے نہیں بلکہ قیادت، فیصلہ سازی اور تنظیمی معاملات میں بھی اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں۔ خواتین ونگ کو صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین سیاسی عمل کا حصہ بن سکیں۔رکن قومی اسمبلی اختر بی بی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن میں خواتین کو ان کا مقام ملے گا۔ مسلم لیگ ن نے جب بھی خواتین پر اعتماد کیا، انہوں نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا۔ جمال شاہ کاکڑ جس طرح بلوچستان میں مسلم لیگ ن کی تنظیم کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں وہ قابلِ ذکر ہے۔ انہوں نے خواتین ونگ کی جانب سے جمال شاہ کاکڑ اور سردار یعقوب ناصر کا شکریہ ادا کیا۔سابق وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ خواتین کا یہ فیصلہ سیاسی عمل میں ان کی شمولیت کو مزید مستحکم کرے گا۔ مسلم لیگ ن کے پیغام کو گھر گھر پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ شمولیتی پروگرام سے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں