نصیرآباد(این این آئی)مشینری کی فراہمی کے ساتھ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں بھی بروقت ادا کی جائیں،عوامی حلقوں نے محکمہ بلدیات بلوچستان کی جانب سے بلدیاتی اداروں میں مشینری کی فراہمی پر توجہ دینے کے ساتھ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ صرف مشینری فراہم کرنا بلدیاتی مسائل کا مستقل حل نہیں، جب تک صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی خدمات انجام دینے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو بروقت تنخواہیں نہیں ملیں گی، ان کے لیے اپنے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگا، جس کے باعث وہ بھی ذہنی دباؤ کا شکار ہو سکتے ہیں اور فرائض کی انجام دہی متاثر ہونے کا خدشہ رہے گا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام میں مشینری کے ساتھ افرادی قوت بھی بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا مستقل حل نکالا جائے اور انہیں بروقت اجرت فراہم کی جائے۔عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ بلدیات بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ مشینری کی فراہمی کے ساتھ ملازمین کی تنخواہوں، ضروری وسائل اور دیگر بنیادی سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور مؤثر انداز میں انجام پائیں اور شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔

