شہدا جمہوریت وشہدا وطن کی برسی پر7اکتوبرژوب میں مرکزی جلسہ عام ہوگا، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں طویل ضیائی مارشل لاء کے خلاف ایم آر ڈی کی تحریک بحالی جمہوریت پر 3اکتوبر 1983ء کودرجنوں سیاسی جمہوری کارکنوں، نہتے عوام کو سندھ میں شہید کرنے کے انسانیت سوز، المناک سانحہ کے خلاف شہدا سندھ کے حق میں کوئٹہ میں 7اکتوبر1983 کو احتجاجی مظاہرہ پر فائرنگ جس میں پارٹی کے چار کارکنان شہید،درجنوں زخمی ہوئے اور پارٹی رہنماؤں ڈاکٹر کلیم اللہ، عبدالقہار ودان سمیت دیگر کارکن ڈھائی سال زیر حراست اور پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی ساڑھے چھ سال روپوش رہے۔ اس طرح11اکتوبر 1991کوئٹہ شہر میں پارٹی کے پانچ رہنماؤں وکارکنوں کو شہید کیا گیا۔ شہدا جمہوریت کاکا محمود شہید، اولس یار شہید، داؤد شہید، رمضان شہید اور شہدا وطن عبدالرحیم کلیوال شہید، صابر شاہ شہید،باز محمد بازشہید، حبیب الرحمن شہید، صاحب خان شہید کی برسیوں کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع شیرانی اور ضلع ژوب کا مشترکہ جلسہ عام 7اکتوبر 2026بروز بدھ صبح10بجے باز محمد شہید پارک ژوب شہر میں منعقد ہوگا۔ جلسہ عام سے پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور ملک کے جمہوری صف کے عظیم رہنماء محمود خان اچکزئی ودیگر مرکزی وصوبائی وضلعی قائدین خطاب فرمائینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ماضی کی سخت ترین خطاؤ، خامکاریوں اور آمرانہ مسلط رویوں کے نتیجے میں ہمہ جہت بحرانوں میں گرچکا ہے اور 2024کے بھونڈے طریقے سے مسلط نااہل، ناکام، اقرباء پرور حکومت کے وزراء برملا کہتے پھر رہے ہیں کہ ملک اور اس کے ادارے مفلوج ہوئے اور ملک بربادی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ عدلیہ کو پائمال کیا گیا ہے، ملکی ادارے مفلوج ہوچکے ہیں، میڈیا کی آزادی ختم کی گئی ہے اور آئین و پائمال کرتے ہوئے بنیادی انسانی حقوق اور ملکی فیڈریشن اور فیڈریشن کے جہانی قوانین جو کہ دراصل اختیارات کی برابری تھی کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں تمام ملک میں انتشار، وحشت، دہشت، لوٹ کھسوٹ، ڈاکے اور خصوصاً لوگوں کو سرکاری سرپرستی میں اٹھائے جاناروز کا معمول بن چکا ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری اپنے عروج پر ہے اور سب سے بڑھ کر ملک میں سیاسی عدم استحکام کادور دورہ ہے۔ اور اسی طرح بین الاقوامی دنیا میں تنہائی کا شکار ہوچکے ہیں۔ اور دنیا کے تمام ادارے جو کرپشن، عدالتی نظام، گڈ گورننس کی بین الاقوامی جانچ پڑتال (سروے) کے لیے قائم ہیں ان تمام کے رینکنگ میں ملک کی حیثیت مسلسل پیچھے جارہی ہے اور اب تو ملک کی حیثیت سے انتہائی خراب صورتحال کا سامنا ہے۔ ملک کی تمام تاریخ میں جتنا قرض لیا تھا اس کے تقریباً برابر قرضہ مسلط حکومت نے ڈھائی سال میں لیا ہے اور ابتری، تنزولی کی صورتحال ملک کے تمام اداروں میں جاری ہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کا جلسہ عام اور اس طرح تحریک انصاف کی لانگ مارچ ملک کو بحرانوں سے نکالنے، دہشت گردی، وحشت، لوٹ مار، سخت ترین بے روزگاری، مہنگائی کے خاتمے، ملک میں آئین کی بحالی، جمہور کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، ملک کو قوموں کا حقیقی جمہوری فیڈریشن بنانے، ملک کے تمام اداروں کو آئینی ادارتی اختیار کا پابند بنانے اور سرکاری طور پر مسلط پراکسیز کی خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔بیان کے آخر میں ضلع ژوب، ضلع شیرانی کے وطن دوست، جمہوریت پسند عوام سے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں